ملت اسلامیہ ہند کا مسیحا شرف الدین عظیم قاسمی الاعظمی
ملت اسلامیہ ہند کا مسیحا شرف الدین عظیم قاسمی الاعظمی آج سے تقریباً دوسال قبل شہر ممبئی کے گوونڈی علاقے میں سیرت النبی کے موضوع پر مسجد ام القری کے زیر اہتمام ایک جلسے کا انعقاد تھا ، جس میں بحیثیت سامع میں بھی شریک تھا حمد ونعت کی روایات کے جلوے سامنے آئے پھر کچھ مقامی علماء کی ابتدائی تقریروں کے بعد کلیدی خطاب کے لئے اسٹیج پر ظاہری حسن وجمال سے آراستہ ایک شخصیت جلوہ گر ہوئی، روشن ،گول اور بارعب اور کھلا ہوا چہرہ، رنگ بالکل گورا اور حسن و جمال کا پیکر،کشادہ پیشانی،لحیم شحیم قد وقامت، سیرت النبی کے موضوع پر دھیمے اور پرسکون مگربھاری لہجے میں خطاب کا آغاز ہوا، رفتہ رفتہ آواز کے زیر وبم میں تبدیلی ہوتی گئی،اور موضوع کی نزاکت کے لحاظ سے بلند ہوتی گئی اور تھوڑی دیر بعد لہجے اور اسلوب میں وہ گرج اور شان پیدا ہوئی جیسے طوفان کی شکل اختیار کرتی ہوئی دریاؤں کی پرسکون لہریں۔ آواز میں بلندی کے ساتھ ساتھ اثر انگیزی بھی تھی اور خطیبانہ جوش بھی، مجمع پر سحر طاری کرنے والے مضامین بھی تھے اور ان کے دلوں پر نقش کالحجر ہوجانے والے حرف وصوت ک...